وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جانب سے اسرائیل سے متعلق بیان پر تردید جاری

IQNA

وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جانب سے اسرائیل سے متعلق بیان پر تردید جاری

9:55 - July 23, 2022
خبر کا کوڈ: 3512351
وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر خان نے اپنی ایک تقریر میں کہا تھا کہ عرب ممالک اسرائیل کو تسلیم کر رہے ہیں پاکستان کو بھی اسرائیل کو تسلیم کر لینا چاہئے۔

ایکنا انٹرنیشنل ڈیسک کے  مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ترجمان توصیف عباسی نےسردار تنویر کی جانب سے قابض ریاست اسرائیل کی حمایت میں جاری گذشتہ بیان کی تردید جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا گیا ہے، وزیراعظم نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔

ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کے امت مسلمہ میں پاکستان کے کردارکے بارے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے بارے میں مسلم امہ کے مؤقف کو بھی من و عن سنا جائے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر خان نے اپنی ایک تقریر میں کہا تھا کہ عرب ممالک اسرائیل کو تسلیم کر رہے ہیں پاکستان کو بھی اسرائیل کو تسلیم کر لینا چاہئے۔ اس بیان کے بعد فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ساتھ کام کرنے والی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے بیان کی شدید مذمت کی تھی اور سوشل میڈیا پر پاکستان کے عوام نے سردار تنویر کی جانب سے پاکستانی عوام اور قائد اعظم کے افکار کی توہین پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا تھا جس کے بعد جمعہ کے روز ملک بھر میں مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کی شدید مذمت کی گئی تھی تاہم ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔

یہ بھی  واضح رہے کہ پاکستان کے عوام فلسطین اور کشمیر سے متعلق کسی بھی ایسے بیان پر خاموش نہیں رہتے جو فلسطینی و کشمیری عوام کے حقوق کے خلاف ہو۔

نظرات بینندگان
captcha